پشاور: (تحسین اللہ تاثیر) پولیس کے مطابق 25 جون کو پیش آنے والے واقعے میں 3نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے، جن میں روح اللہ، فرمان اللہ اور صبغت اللہ شامل ہیں جو کہ باپ بیٹے ہیں، ملزمان سے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اور مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں، جن کے مابین جائیداد اور رقم کا تنازع تھا۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کنڈا پور اور سی سی پی او پشاور قاسم علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 4 سپیشل ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن سجاد احمد کی نگرانی میں جے آئی ٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں درہ آدم خیل ، باڑہ ، معروف خیل اور نوشہرہ میں چھاپے مارے گئے تھے۔
واضح رہے کہ 25 جون کو بڈھ بیر کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے تھے۔