ضلع کرک کے علاقے کڑپہ رنگین آباد میں دہشتگردوں نے پولیس وین پر حملہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کوہاٹ جیل سے کرک جیل منتقل کی جانے والی قیدیوں کی گاڑی اور اس کے ساتھ چلنے والی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو قیدی جاں بحق ہو گئے جبکہ پولیس کے چند اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ مزید نفری موقع پر روانہ کر دی گئی ہے۔ کرک اور کوہاٹ کی سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور آمدورفت محدود کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں اور علاقے میں حالات مکمل کنٹرول میں رکھنے کیلئے اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

