صدر مملکت نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کامیابی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کا اعلان کر دیا۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔
صدر مملکت کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے قومی ایتھلیٹ کو سول ایوارڈ دینے کے لیے کابینہ ڈویژن کو خط بھیج دیا، خط میں صدر مملکت نے لکھا کہ ارشد ندیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔صدر مملکت نے مزید لکھا کہ ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث بنی اور ساتھ ہی انہوں نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا اس لیے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت دیا جائے گا۔یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائینل میں 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کے ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا ۔