وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات صرف تحریکِ انصاف کے منتخب نمائندوں سے کیے جائیں گے، جبکہ غیر منتخب نمائندوں سے بات چیت نہیں ہوگی۔ حکومتی حلقوں کے مطابق مذاکرات کا مقصد سیاسی مسائل کا پارلیمانی دائرے میں حل تلاش کرنا ہے۔
دوسری جانب اسپیکر ہاؤس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ابھی تک مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابط رابطہ نہیں کیا۔
اسپیکر آفس ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رضا مند ہوئی تو فوری طور پر اسپیکر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
اسپیکر ہاؤس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جیسے ہی اپوزیشن مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرے گی، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جائے گا اور باقاعدہ مشاورت کا آغاز کیا جائے گا۔

