پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پانچویں روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں ہنڈرڈ انڈیکس نے ایک لاکھ 78 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 1885 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 178,225 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بدستور برقرار رہا، جس کے باعث مختلف شعبوں کے شیئرز میں خرید و فروخت کا رجحان نمایاں طور پر مثبت رہا۔
ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اشاریے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد نے اسٹاک مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر دو پیسے سستا ہو کر 280 روپے 10 پیسے پر آ گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی مضبوط کارکردگی اور ڈالر کی قدر میں کمی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارے ہیں۔

