پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، جہاں 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 81 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں دو ہزار 71 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کے ایس ای ویب سائٹ کے مطابق ہنڈرڈ انڈیکس اس وقت ایک لاکھ 81 ہزار 106 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ مثبت رجحان سرمایہ کاروں کے معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی معمولی بہتری دیکھنے میں آئی، جہاں امریکی ڈالر کی قدر میں ہلکی سی کمی واقع ہوئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 280 روپے 10 پیسے میں دستیاب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے خوش آئند اشارہ ہے۔

