پشاور تھانہ خزانہ پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقصود آباد سے اغواء برائے تاوان کا شکار بننے والے کمسن بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا جبکہ واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت احمد علی سکنہ چارسدہ کے نام سے ہوئی ہے، جو مقامی مسجد کا پیش امام نکلا۔ ملزم نے 5 جنوری کو اپنے پڑوسی تاجر کے کمسن بچے کو اغواء کیا اور بعد ازاں والدین سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔
ڈی ایس پی خزانہ انعام اللہ کے مطابق پولیس نے جدید تفتیشی ذرائع اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی انعام اللہ نے بتایا کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنی شناخت چھپانے کی غرض سے داڑھی بھی منڈوا لی تھی، تاہم پولیس نے ملزم کو قانون کے شکنجے میں لے لیا۔

