ریسکیو 1122 کرک نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ادارے کو سال بھر میں ایک لاکھ 48 ہزار 249 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔ ریسکیو ترجمان آصف خٹک کے مطابق ان میں سے ایک لاکھ 2 ہزار 990 کالز غیر ضروری یا فیک تھیں، تاہم اس کے باوجود ریسکیو ٹیموں نے تمام حقیقی ایمرجنسیز پر بروقت کارروائی کی۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 نے سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 3349 مختلف حادثات اور ایمرجنسی صورتحال میں امدادی خدمات انجام دیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 3578 ایمرجنسیز میں 3191 افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا گیا، جس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں کرک میں 529 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جبکہ 2401 میڈیکل ایمرجنسی کیسز پر ریسکیو ٹیموں نے فوری رسپانس دیا۔ اس کے علاوہ آگ لگنے کے 87 واقعات، جرائم یا فائرنگ کے 170 واقعات اور عمارت گرنے کے 8 حادثات بھی رپورٹ کیے گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سال کے دوران دھماکوں یا گیس سلنڈر پھٹنے کے 5، ڈوبنے کے 12 جبکہ دیگر نوعیت کی 137 ایمرجنسیز پر بھی ریسکیو 1122 نے مؤثر کارروائی کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر صورتحال میں فوری امداد فراہم کی۔
ریفرل ایمبولینس سروس کے تحت مجموعی طور پر 2583 مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں 995 مریضوں کو بیرونی اضلاع جبکہ 1588 مریضوں کو کرک کے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کرک کا اوسط رسپانس ٹائم 6 منٹ 20 سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا، جو ایک نمایاں کارکردگی ہے۔

