بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دینش کمار نے ن لیگ کی مریم نواز کو لیڈر مان لیا۔ سینیٹ کے اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے دنیش کمار اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں مہمند کے درمیان خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر دیوالی نہ منانے پر تلخی بھی ہوئی۔
سینیٹ سے خطاب میں دنیش کمار نے کہا کہ بلوچستان میں جو مذہبی ہم آہنگی ہے وہ آپ کو پوری دنیا میں نہیں ملے گی۔ تین صوبوں میں دیوالی سرکاری سطح پر منائی گئی لیکن خیبرپختونخوا میں نہیں منائی گئی۔ ان کا کہنا تھاکہ مجھے بہت خوشی ہوئی جب پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہندو برادری کے ساتھ مل کر دیوالی منائی، انہوں نے دیوالی منا کر دنیا کو اچھا پیغام دیا ہے، آج سے مریم نواز میری لیڈر ہیں۔ گزشتہ روز پہلی مرتبہ پنجاب کی تاریخ میں سرکاری سطح پر دیوالی کا تہوار منایا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیوالی کا دیا جلایا اور تقریب سے خطاب بھی کیا۔