شبقدر میں افسوسناک حادثے نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا، شادی کی تقریب کے دوران ایک کمرے کی بوسیدہ چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح چار بجے پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس گھر میں پیش آیا جہاں آج شادی کی تقریب منعقد ہونی تھی۔ چھت اچانک گرنے کے باعث کمرے میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ بعد ازاں جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال شبقدر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں زیادہ تر مہمان شامل ہیں جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ مرنے والوں کا تعلق پشاور اور خیبر تیراہ سے بتایا جا رہا ہے۔

