ڈیرہ بگٹی میں طوفانی بارشیں کی وجہ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ بگٹی میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں طوفانی بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت، کچے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے کی وجہ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں،ان زخمیوں میں سے اکثر کی حالت کافی تشویشناک ہے، بارشوں کے باعث ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے،اس کے ساتھ ہی بجلی کے کئی پول گرنے سے علاقے میں بجلی بھی غائب ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث ڈیرہ بگٹی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، متاثرہ علاقے میں پاک فوج، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے، بارشوں کی وجہ سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہر گھنٹے کی صورتحال کو مانٹیر کیا جارہا ہے،جبکہ تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور میڈیکل ٹیمیوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔