سوات: (تحسین اللہ تاثیر) مینگورہ نشاط چوک میں سوات قومی جرگے کے زیر اہتمام امن مظاہرہ منعقد ہوا،مظاہرے میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جن میں وکلاء، ٹریڈ فیڈریشن، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما و کارکن اور طلبا شامل تھے۔
سوات امن مظاہرے میں شرکا نے دہشت گردی نامنظور اور امن کے قیام کے لئے نعرہ بازی کی اور حکومت سے امن قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہا کہ عوام علاقے میں پائیدار امن چاہتے ہیں، یہاں کے لوگ ہر قسم کی دہشت گردی اور فوجی آپریشن کےخلاف ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آج لوگوں نے مصنوعی دہشت گردی کو مسترد کردیا، سوات مزید بم دھماکوں اور فوجی آپریشن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
صوبائی وزیر فضل حکیم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ یہاں کے عوام پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف اسمبلی فلور پر بھی آواز اٹھائی ہے،اگر ادارے امن کے قیام میں ناکام ہوتے ہیں تو مقامی لوگ خود دہشت گردوں کےخلاف اسلحہ اٹھائیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایوب خان اشاڑے نے کہا کہ دہشت گردوں کو بھگانے کا ہنر ہم اچھی طرح جانتے ہیں، ہم سوات میں مزید کسی قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے۔
مختیار یوسفزئی نے کہا کہ سوات میں لوگوں نے مصنوعی دہشت گردی کو مسترد کردیا، امن جلسہ میں ہزاروں لوگوں کی شرکت نے ثابت کردیا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، ہم کسی صورت فوجی آپریشن کو تیار نہیں۔
دوسری جانب ضلع انتظامیہ کے جانب سے جلسے میں دہشت گردی کے خطرات کی وارننگ کے باجود ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ جلسے کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلسہ گاہ سے ایک کلومیٹر دور گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا ئی گئی تھی۔