سوات کے علاقے تندو ڈاگ میں پولیس وردی میں ملبوس چار افراد اور ایک سادہ کپڑوں میں موجود ڈکیت نے صرافوں سے 230 تولے سونا (اینٹیں)، 53 لاکھ 60 ہزار روپے نقدی، اسلحہ، بینک کارڈز، اے ٹی ایمز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا ۔
سوات(عدنان باچا) سوات کی تاریخ میں بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے جہاں مسلح افراد نے گزشتہ سوانے کا کاروبار کرنے والے افتخار نامی تاجر سے 230 تولے سونا، 53 لاکھ 60ہزار روپے نقد اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، واردات کے بعد متاثرہ افراد کو ہاتھ باندھ کر ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے جمال گڑھی میں چھوڑ دیا گیا ۔
متاثرہ تاجر افتخار خان ولد ارسلا خان کی مدعیت میں تھانہ رحیم آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ہم 2006 سے سونے کا کاروبار کر رہے ہیں اور مینگورہ کے صراپا بازار میں دکان چلا رہے ہیں ۔
ایف آئی میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جمعرات کی رات دکان بند کرنے کے بعد ہم چھ افراد سونا اور نقدی لے کر اپنے گاؤں مانیار گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ہمیں پولیس وردی میں ملبوس افراد نے روک کر بتایا کہ آپ کو تھانہ غالیگے انکوائری کے لیے لے جا رہے ہیں ۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان ایک سیاہ ڈبل کیبن ویگو گاڑی میں سوار تھے، ایک شخص سادہ کپڑوں میں تھا جو متاثرہ تاجروں کے ساتھ بیٹھ گیا ۔
متاثرین کے مطابق غالیگے چیک پوسٹ کے آگے ہمیں ہتھکڑیاں لگا دی گئیں اور بعد ازاں ہمیں اسلحے کے زور پر مردان لے جایا گیا، جہاں تمام سونا، نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لی گئیں ۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔