بلوچستان میں امن دشمنوں نے ایک اور بزدلانہ کارروائی میں سات افراد کو بس سے اتار کرقتل کردیا۔ شہید ہونے والے تمام افراد پنجاب کے رہنے والے تھے۔
ڈپٹی کمشنربارکھان کے مطابق مسلح افراد نے ناکہ لگا کرکوئٹہ سے لاہور جانے والی بس کو رڑکن کے مقام پر روکا۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے مسافروں کو بس سے اتار کر شناختی کارڈ دیکھے اورایک کونے پرلے جا کرفائرنگ کرکے قتل کردیا۔
جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔ پانچ لاشوں کی شناخت محمد اسحاق، عاشق حسین، عاصم علی، عدنان مصطفیٰ اورمحمد اجمل کے ناموں سے کرلی گئی۔ لاشوں کو رکنی اسپتال منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے بے گناہ مسافروں کے قتل کی مذمت کی، کہا دہشتگرد معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ملوث عناصرکو کیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔ پاکستانیوں کو شہید کرنے والے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
واردات کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں۔