پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم سرکاری عہدوں پر تعینات افسران کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کے بعد بورڈ افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے
ذرائع کے مطابق پی سی بی میں موجودہ اعلی عہدیداروں کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے امکانات زیر بحث ہیں۔ ان افسران کو اپنے مستقبل کی فکر ستانے لگی ہے جس کے بعد متعلقہ افسران نے آپس میں صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں موجودہ اعلی عہدیداروں میں دو پولیس افسران اور ایک ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے افسر کی خدمات پاکستان کرکٹ بورڈ میں حاصل کی گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق سی او او سلمان نصیر کو نئی ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں۔
اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اینڈ ویجیلنس، ایچ آر، لیگل اور مارکیٹنگ کے سربراہان کی بھی تبدیلی کا امکان ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پچھلے ادوار میں بی سی بی میں آنے والے افسران کے الگ ہونے کا امکان بھی موجود ہے اور شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی تبدیلی کا قوی امکان ہے۔بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئین کے مطابق سی ای او یا ایم ڈی کا عہدہ بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔پنجاب کی حکومتی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کے بعد چئیرمین محسن نقوی کی ساری توجہ بورڈ کے معاملات پر ہو گی۔
بورڈ میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد محسن نقوی پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھیں گے اور پاکستان ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز کی تعیناتی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی اس حوالے سے جلد مشاورتی عمل شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔گزشتہ ہفتے محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ جو آتا ہے وہ اپنی کابینہ لاتا ہے۔