لکی مروت میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سرائے نورنگ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹریفک پولیس کے اہلکار بنوں، لکی سڑک پر معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ اچانک موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آور آئے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں میں سرائے نورنگ ٹریفک انچارج جلال، سپاہی عزیز اور سپاہی عبداللہ شامل ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

