پاکستان اور افغانستان کی طورخم تجارتی گزرگاہ آج 25 روز بعد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سیکورٹی حکام کی فلیگ میٹنگ آج طورخم سرحد پرہوگی، فلیگ میٹنگ کے بعد طورخم تجارتی گزرگاہ کھول دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق متنازع تعمیرات بند کرنے کے فیصلے پر افغان حکام نے رضامندی ظاہرکی ہے، جے سی سی اجلاس تک فائر بندی اور متنازع تعمیرات پر کام بند ہوگا۔ جرگہ ممبر کے مطابق 2 روز قبل پاکستان اور افغان جرگہ کے درمیان حتمی نشست ہوئی تھی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق 21 فروری کو افغان فورسز کی پاکستانی حدود میں تعمیرات پر کشیدگی پیدا ہوئی تھی، کشیدگی کے باعث طورخم تجارتی گزرگاہ ہرقسم آمدورفت کےلئے بند کردی گئی تھی۔
کسٹم حکام نےآج عملہ کو طلب کرلیا، امیگریشن عملہ، پولیس سمیت تمام سرکاری عملہ کو حاضر ہونے کا حکم دیا گیاہے۔ خیال رہے کہ طورخم تجارتی گزرگاہ بند ہونے سے سرحد کے دونوں جانب ہزاروں کار گو گاڑیاں پھنس گئی ہے۔
واضح رہے کہ تین ہفتوں سے زائد عرصے قبل طورخم سرحد کے متصل افغان فورسز کی طرف سے تعمیرات پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور کشیدگی کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ ہرقسم آمدورفت کےلیے بند کردی گئی تھی۔