اسلام آباد:(لیاقئت علی خٹک) عمان کے دارالحکومت مسقط میں پاکستانی سفارت خانے کی مسجد میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہید ہوگئے۔
پاکستانی سفارت خانے نے واقعے میں شہید ہونے والے 4 پاکستانیوں کی شناخت جاری کردی، 4 پاکستانی شہدا میں غلام عباس، حسن عباس، سید قیصر عباس اور سلیمان نواز شامل ہیں۔
پاکستانی سفیر عمران علی نے کہا کہ مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں 50 پاکستانی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 20 زخمی 3 ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جب کہ معمولی زخمیوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعے میں مسلح افراد نے مسجد میں خواتین اور بچوں سمیت دیگر نمازیوں کو یرغمال بنالیا تھا، مسجد سے یرغمالیوں کو عمانی پولیس نے رہا کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ مسقط میں علی بن ابی طالب مسجد میں رونما ہوا۔
عمانی سکیورٹی فورسز نے کہا ہےکہ وادی کبیرکی مسجد میں حملہ کرنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیاگیا، فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے۔