پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، بقیہ 8 میچز کے ابتدائی 4 میچز راولپنڈی جبکہ فائنل پلے آف اور ایلمینیٹرز میچز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے حتمی شیڈول جاری کردیا ۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق 17 مئی بروز ہفتہ، 18 مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم ڈبل ہیڈر کی میزبانی کرے گا، دوپہر میں ملتان سلطانز کا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا اور شام کو بھی میچ کھیلا جائے گا ۔
19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں مدمقابل ہوں گے جس کے بعد پہلا کوالیفائر 21 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ 22 مئی کو پہلا ایلیمینیٹر اور 23 مئی کو دوسرا ایلیمینیٹر قذافی اؤسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دوپہر کا واحد میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جبکہ شام کے میچز مقررہ وقت کے مطابق شام 7.30 بجے ہوں گے ۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں 25 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی ۔