سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد گاڑی پر سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلی جنس بنیاد پر ملنے والی اطلاعات پر آپریشن کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 7 اور 8فروری کی درمیانی شب کیا جب کہ دہشت گرد ایک گاڑی پر سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
ترجمان پاک افواج کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور افغان کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر ’کلیئرنس آپریشن‘ کر رہی ہیں۔
دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گرد ٹانک کی طرف دہشت گرد کارروائی کے لیے جا رہے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں نے دسمبر 2022 میں 6 پولیس اہلکار شہید کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اظہر الدین گروپ سے تھا۔ دہشت گردوں کی جانب سے آپریشن کے دوران راکٹ لانچر کا بھی استعمال کیا گیا، تاہم حملے میں سیکیورٹی اہل کار محفوظ رہے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوگیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 25 منٹ تک مقابلہ جاری رہا، تاہم کوئیک رسپانس فورس کے پہنچنے پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ حملہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔