اہم میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 41 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کے سُپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کے 147رنز ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔
دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 29 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، صائم ایوب صفر، صاحبزادہ فرحان 5، کپتان سلمان علی آغا 20، حسن نواز 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز4، 4 اور محمد حارث 18 رنز بناسکے ۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے 18رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ، شاہین شاہ کو شاندار آل راونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
ایشیا کپ میں گروپ اے سے بھارت کے بعد پاکستان نے بھی سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ عمان اور یو اے ای کی ٹیمیں ٹرافی کی ریس سے باہر ہو گئیں ۔