Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیر اعظم کا کورونا سے لڑنے کیلئے ٹائیگر فورس، ریلیف فنڈ بنانے کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ‘ٹائیگر فورس’ بنانے اور ‘ریلیف فنڈ’ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘میرے پاکستانیو! اس وقت ساری دنیا کورونا وائرس کی جنگ لڑرہی ہے اور ہر ملک اپنی استعداد کے مطابق لڑ رہا ہے اور جو اس وقت کامیاب ہوا اور اب تک سب سے کامیاب ملک رہا وہ چین ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘چین نے اپنے شہر ووہان کو لاک ڈاؤن کرکے وائرس پر قابو کیا اگر ہمارے حالات بھی چین کی طرح ہوتے تو میں بھی اپنے شہروں کو مکمل طور پر بند کردیتا لیکن ہمارا مسئلہ ہے کہ 25 فیصد آبادی شدید غربت میں رہتی ہے یعنی ایسے گھرانے ہیں جو دو وقت کی روٹی نہیں کھاسکتے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘جب ساری قوم مل کر لڑتی ہے تو یہ جنگ جیتی جاسکتی ہے، ہمارے ہمسائے میں بھارت کی حکومت نے فیصلہ کیا کہ سارا ہندوستان لاک ڈاؤن ہوگا، ان کے حالات دیکھیں، آج ان کے وزیراعظم نے معافی مانگی کہ ہم نے سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن کیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے بڑی مشکلوں سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا اور وہ تقریباً 8 ارب ڈالر کا ہے، امریکا نے بھی ریلیف دیا وہ بنتا ہے 2 ہزار ارب ڈالر، ظاہر ہے ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں’۔

عمران خان نے کہا کہ ‘ہمارے پاس دو چیزیں ہیں، سب سے بڑی چیز ہمارے پاس ایمان ہے، قائد اعظم نے پاکستان کا موٹو ایمان رکھا جو ہماری سب سے بڑی طاقت ہے جس کی وجہ سے پاکستانی قوم وہ ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ خیرات کرنے والوں میں شامل ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہماری دوسری طاقت نوجوان آبادی ہے، اس وقت دنیا میں ہم نوجوانوں کی دوسری بڑی طاقت ہیں، اب ان دو طاقتوں کا استعمال کرنا ہے، کورونا کی جنگ جیتنے کے لیے پاکستان کی دو طاقتیں ہیں’۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا اعلان

ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘کورونا سے ریلیف کے لیے ٹائیگر فورس بنا رہا ہوں، یہ نوجوانوں کی وہ فورس ہوگی جو ہماری کمی کو فوج اور ہماری انتظامیہ سے مل کر پوری کرے گی’۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک سیل ملک میں کورونا سے متعلق کیسز کی نگرانی کر رہا ہے جو ڈیٹا اور ٹرینڈ دیکھتا ہے اور ہم ایک ہفتے میں ہم بتادیں گے کہ یہ صورتحال کس طرف جارہی ہے۔ٹائیگر فورس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘ ٹائیگر فورس کا کام یہ ہوگا کہ جن علاقوں کو لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا، وہ وہاں کھانا اور بنیادی ضروریات کی چیزیں پہنچائیں اور لوگوں کو قرنطینہ کے بارے میں بتائیں کہ انہیں کیا کرنا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ فورس ہر جگہ جا کر بتائے گی اور لوگوں کو آگاہی دے گی، جس میں ہم ہر کسی کو دعوت دیتے ہیں اور اس میں نوجوان ڈاکٹر، نرسز، طلبہ، انجینئر، ڈرائیور، مکینک اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کرسکتے ہیں اور ہم یہاں بیٹھ کر نگرانی کریں گے’۔

وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کا قیام

وزیراعظم نے کہا کہ ‘آج میں’ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ‘ قائم کرنے کا اعلان کررہا ہوں اور یہ اکاؤنٹ نیشنل بینک میں اکاؤنٹ ہوگا جو پرسوں سے فعال ہوگا، اور اس اکاؤنٹ میں جو پیسہ ڈالے گا اس سے پاکستان کے اندر اور باہر کسی قسم کے سوالات نہیں پوچھے جائیں گے اور اس فنڈ میں ٹیکس کی چھوٹ ہوگی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس وقت احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو 12 ہزار روپے گھروں کے اندر پہنچا رہے ہیں اور اگر یہ لمبا جائے گا تو ہمیں ان کو مزید پیسہ دینا ہوگا کیونکہ وہ بے روزگار ہوگئے ہیں تو اس فنڈ سے ان کو پیسے دیے جائیں گے’۔

وزیراعظم نے کہا کہ ‘ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس کے ذریعے لوگوں تک پیسہ پہنچایا جائے، اس فنڈ کا آڈٹ ہوگا اور کوئی اس حوالے سے پتہ کرنا چاہے گا تو اس کو بتائیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ تیسری چیز یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ جو صنعتکار یا نجی ادارہ ملازمین کو بے روزگار نہیں کرے گا اس کے لیے اسٹیٹ بینک سستے قرضے دے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ‘چوتھی چیز یہ ہے کہ احساس پروگرام کے ذریعے پاکستان بھر میں کوئی خیرات کرنا چاہتا ہے تو وہ خود کو رجسٹرڈ کروائے، ہم انہیں بتائیں گے کہ رقم کہاں خرچ کرنی ہے تاکہ پیسہ کسی ایک جگہ خرچ نہ ہو اور پاکستان میں پہلی مرتبہ ریلیف کی کوششیں باہمی رابطے سے چل سکیں’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.