Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افغان صدراشرف غنی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: افغان صدراشرف غنی  پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نےمعزز ممہان کو  خوش آمدید کہا۔افغان سفیر عاطف مشال اور دفتر خارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ نور خان ائر بیس پہنچنے پر معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔  افغان صدر وزیر اعظم عمران خان اور صدرمملکت عارف علوی  سے ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق افغان صدر کے دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی، امن و مفاہمت، سیاسی، تجارتی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران دیگر اعلیٰ حکام اور کاروباری افراد بھی افغان صدر سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے کاروباری افراد موجود ہوں گے۔

افغان صدر اشرف غنی تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گےاور صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے دیے گئے عشائیہ میں بھی شریک ہونگے۔

شیڈول کے مطابق ڈاکٹر محمد اشرف غنی کل لاہور جائیں گےجہاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان  سے ملاقاتیں کریں گے۔ افغان صدر نماز جمعہ بادشاہی مسجد لاہور میں ادا کریں گے۔ ڈاکٹر اشرف غنی کل شام لاہور سے ہی وطن واپس روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ اشرف غنی کا سال 2014 کے بعد یہ تیسرا دورہ پاکستان ہے جس میں طالبان کے ساتھ سیاسی طور پر معاملات طے کرنے کی کوششیں کی گئیں جبکہ افغانستان میں ایک دہائی پر مشتمل جنگ میں پاکستان پر عسکریت پسند تحریکوں کی حمایت کے الزامات عائد کیے جاتے رہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.