Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا آٹھ سال بعد فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت آٹھ سال بعد مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار اکبر ایس بابر کے مالی ماہر ارسلان وردگ نے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو کینیڈا، امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا سے فنڈنگ ہوئی۔ اس نے 11اکائونٹس تسلیم کیے جو اس نے ظاہر نہیں کیے تھے۔ اس نے بیرون ملک سے آئے کئی فنڈز کے ذرائع نہیں بتائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈونرز کی تفصیل نہ ہونے پر پی ٹی آئی وکیل انور منصور اپنے دلائل دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق فنڈنگ کے وقت قانون میں ڈونر کی تفصیل دینا لازمی نہیں تھا۔
اکبر بابر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جواب دہ بنانے کیلئے یہ بہترین موقع ہے۔ ایسی جماعتوں اور لیڈرز کو رول ماڈل ہونا چاہیے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملک کیلئے جمہوریت سب سے ضروری ہے جسے مضبوط بنانا ہے ۔ ووٹرز کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ یقینی بنائیں گے کہ سب کیساتھ انصاف ہو۔ دل سے دونوں فریقین کا مشکور ہوں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ قومی مفاد کا معاملہ ہے بہت جلد دیگر جماعتوں کے کیس بھی فائنل ہونگے۔ یقینی بنائیں گے کہ کسی کیساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.