Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ایف آئی اے میں مقدمات: جہانگیر اور علی ترین کی عبوری ضمانت منظور

‘منصوبے کے تحت چیزیں لیک کی جاتی ہیں لیکن پوری طرح مقابلہ کریں گے‘ جہانگیرترین

بینکنگ کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔ لاہور کی بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت کی درخواست منظور کی ہے۔

جہانگیر ترین اور علی ترین نے حال ہی میں ایف آئی اے میں درج کیے جانے والے مقدمے میں اپنی ضمانتیں کرائی ہیں جس کے بعد عدالت نے ایف آئی اے کو دونوں شخصیات کو 7 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔ بینکنگ کورٹ نے آئندہ سماعت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے سے تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ  وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)لاہورکی تحقیقاتی ٹیم نے3 ارب14 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کا مقدمہ 22 مارچ کو درج کیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے پلپ کمپنی میں مبینہ طور پر اربوں روپے کے غیرقانونی شیئر منتقل کیے۔ ایف آئی آر کے مطابق جے ڈی ڈبلیو سے پلپ کمپنی میں شیئرز فراڈ کے ذریعے منتقل کیے گئے جب کہ کمپنی کے باقی عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ان کے  تینوں مقدمات میں چینی کی قیمت بڑھنے کا کوئی تعلق نہیں، 6 سے 10 سال پہلے کی کمپنی کےفیصلوں کو چیلنج کیا جارہا ہے اور ان فیصلوں کو چیلنج کرنا ایف آئی اے کا کام نہیں ہے لیکن جان بوجھ کر ایف آئی اے کو کیس دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹرائل کرکے شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے اور منی لانڈرنگ کا ایک لفظ ڈال کر اس کوکریمنل کیس بنادیا گیا ہے مگر ہم عدالت میں پیش ہوگئے ہیں اور پوری طرح مقابلہ کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سوال ہے کہ میری شوگر ملزکو اس طرح کیوں اچھالا جارہا ہے؟ کیا باقی 80 شوگرملز میں کوئی ایشو نہیں ہے؟ لگتا ہے کہ منصوبے کےتحت چیزیں لیک کی جاتی ہیں، دو دن بعد کچھ ہونا ہوتا ہے تو اسے لیک کرکے میڈیا کو دےدیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.