Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اپنی حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنی حکومت کے وزراء کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے  اسلام آباد سے منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے اداروں میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہےکہ ہمیں عوام کی سہولت کے لیے قانون سازی کرنی چاہیے۔

پی ٹی آئی ایم این اے کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں رشوت لوگ حق سمجھ کرلیتے ہیں، نیب بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑتا ہے لیکن چھوٹی مچھلیوں پر ہاتھ نہیں ڈالتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی حکومتوں کو اپنی گورننس اچھی کرنی چاہیے، چیک اینڈ بیلنس حکومت کا کام ہے، ہم عوام کے مفاد کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائیں گے۔

تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا کہ ہمارے وزراء کابینہ میں کیا کرتے ہیں لیکن وہ کم ازکم کراچی کی نمائندگی نہیں کرتے۔ عطاءاللہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سچ بولا ہے اور سچ کا ساتھ دیاہے لیکن بدقسمتی سے کراچی میں انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 7 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے اور باقی مینٹیننس کے نام پر بجلی غائب رہتی ہے، شہر میں 12 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی کے پشاور سے منتخب رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ کچھ اراکین کو وفاقی کی طرف سے فنڈز ملے ہیں، میرے حلقے میں پرویز خٹک کے دور میں شروع کیے گئے پروگرام اب ختم کردیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں رہتے ہوئے عوام کے لیے آواز اٹھانا میرا جمہوری حق ہے، پارٹی لیڈرز کو دل بڑا کرنا پڑے گا اور تنقید برداشت کرنی ہوگی، پارٹی لیڈرز کو تنقید برائے اصلاح برادشت کرنی ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر حسن مسعود ملک نے بھی صوبے میں کرپشن میں اضافے کا اعتراف کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.