Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

روس کی پاکستان کو کرونا ویکسین کی پیش کش

وزارت صحت اس حوالے سے قواعد، نتائج اور ٹیسٹ کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے رہی ہے

روس نے اپنی تیار کردہ کورونا وائرس کی ویکسین ‘اسپوتنک V’ پاکستان کو فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہےکہ پاکستان کی کوشش ہے کہ بہترین قیمت پر مؤثر ترین ویکسین حاصل کی جائے، اس حوالے سے روسی حکومت سے ایک تجویز موصول ہوئی تھی، اس تجویز کے مسودے کو وزارت قومی صحت بھجوایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزارت صحت اس حوالے سے قواعد، نتائج اور ٹیسٹ کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔

 خیال رہے کہ روس نے دارالحکومت ماسکو میں اپنی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کا آغاز کردیا ہے اور پہلے مرحلے میں ڈاکٹروں ،طبی عملے ، اساتذہ اور دیگر ریسکیو اہلکاروں کو دی جائے گی جب کہ آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں ویکسینیشن پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

روسی وزیر صحت میخائل مراشکو کے مطابق روس پہلے ہی خطرے سے دوچار ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگاچکا ہے۔ خیال رہے کہ روس میں حکومتی سطح پر تیار کی گئی کورونا ویکسین اسپوٹنک V کی اگست میں منظوری دی گئی تھی اور حکام نے گذشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ویکسین کے نتائج 95 فیصد تک مثبت ہیں اور اس کے کوئی منفی اثرات بھی نہیں ہیں تاہم دوسری جانب عالمی ماہرین نے روس کی جانب سے ویکسین کی تیاری میں تیزی دکھانے پر شکوک کا اظہار بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نےکورونا ویکسین کے حصول کے لیے 150ملین ڈالرکی رقم مختص کی ہے، ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی اور  پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین دینےکافیصلہ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.