Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے کا اہتمام

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی آج 40ویں برسی منائی جارہی ہے۔ سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر سڑکوں پر لانے والے ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ ميں پيدا ہوئے اور  انہیں قتل کے ایک مبینہ مقدمے میں 40 سال قبل آج ہی کے دن تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔

ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں عام تعطیل ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کے مزار سے متصل گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی کا جلسہ سہہ پہر تین بجے شروع ہوگا اور اس سے قبل پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی صدارت میں مجلس عاملہ کا اجلاس ہوگا جس میں ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، بھارت سے شملہ معاہدہ کر کے پائیدار امن کی بنیاد رکھی اور ہزاروں مربع میل رقبہ اور جنگی قیدیوں کو بھارت سے چھڑایا۔ بھٹو کے دور میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے کئی اقدامات کیےگئے، تاہم مبینہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء الحق نے منتخب حکومت کا تختہ الٹا اور قتل کے الزام ميں مقدمہ چلا کر 4 اپریل 1979 کو انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر سوشل میڈیا پر اہم سیاسی شخصیات سمیت دیگر لوگوں کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور بھٹو کی یادگار تصاویر اور اقوال پوسٹ کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.