Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست مسترد

نیب کو عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کا موقع نہیں دیں گے، مریم نواز

وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست مسترد کردی تاہم انہیں وطن واپسی کے لیے خصوصی دستاویزات جاری کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو نواز شریف کی سفارتی پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست کے حوالے سے جوابی خط لکھ دیا۔

وزارت داخلہ کے جوابی خط کی ڈان کو دستیاب کاپی کے مطابق متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سابق وزیر اعظم کے سفارتی پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کے لیے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ہنگامی سفری دستاویز (ای ٹی ڈی) کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جو انہیں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ذریعے پاکستان کے سفر کی بکنگ پیش کرتے کی صورت میں جاری کی جاسکتی ہیں۔

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پاسپورٹ کا اجرا کسی شہری کا بنیادی حق نہیں ہے، یہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے جو اس وقت جاری کیا جاسکتا ہے جب درخواست دہندہ درخواست کے قابل عمل ہونے سے متعلق متعلقہ حکام کو مطمئن کرے جبکہ ایک شہری کا بیرون ملک سفر کا حق اس وقت ختم ہوجاتا ہے جب اسے قانون کا مفرور قرار دے دیا جائے۔

خط میں لکھا گیا کہ نواز شریف کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اشتہاری مجرم قرار دے رکھا ہے اور وہ متعدد زیر سماعت مقدمات میں بھی مطلوب ہیں۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کو اس صورتحال میں وطن واپس آکر متعلقہ عدالتوں میں الزامات کا سامنا کرنا چاہیے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کو عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچانے اور سیاسی انجینئرنگ کا موقع فراہم نہیں کیا جائے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اظہار یکجہتی کے طورپر نیب جانے کا فیصلہ کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آگے کیسے بڑھنا ہے اس کا لائحہ عمل پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) خود طے کرے گی اور عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.