Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اسلام آباد میں یومِ پاکستان کی پریڈ جاری

اسلام آباد کے نواح میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان پریڈ کی تقریب کا آغاز ہوگیا جس میں سول، فوجی قیادت اور غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی ہے۔ آرمی اسکول آف میوزک کے بینڈ نے ملی نعموں کی دھنیں پیش کرکے تقریب کا آغاز کیا۔

شکر پڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں قومی علم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور 105 فیلڈ ریجمنٹ نے قومی علم کو سلامی دی۔ وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی ہلال امیتاز (ملٹری) کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلال امتیاز (ملٹری) پریڈ گراؤنڈ میں تشریف لائے۔ بری فوج کے سربراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امیتاز (ملٹری) کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا پریڈ پراؤنڈ پہنچے۔

روایتی بگل بجا کر یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا اعلان کیا گیا جو خصوصی لال بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ بعدازاں پریڈ نے مہمان خصوصی صدر مملکت کو صدر سلام پیش کیا اور قومی ترانے پڑھا گیا۔ قومی ترانے کے بعد قرآنی آیات کی تلاوت کے ساتھ تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

مسلح افواج کی مشترکہ یوم پاکستان پریڈ کے پریڈ کمانڈر نے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر علوی سے پریڈ کے معائنے کی درخواست کی۔ یوم پاکستان پریڈ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ ہوگا اور چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر کی ثقافت بھی پیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر شیڈول پریڈ موسم کی خرابی کے باعث 25 مارچ تک مؤخر کردی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.