کوئٹہ(ویب ڈیسک) سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کو آبائی علاقے خاران میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
نماز جنازہ خاران میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ حکام ،وکلا، مرحوم کے عزیز واقارب اور شہریوں نے شرکت کی، سابق چیف جسٹس گزشتہ روز دہشتگردوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے. محمد نور مسکانزئی 2014 سے 2018 تک عدالت عالیہ بلوچستان کے 18 ویں چیف جسٹس رہے۔
محمد نور مسکانزئی کے قتل کے خلاف کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے 3 روزہ سوگ اور عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہل خانہ اور وابستگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ بلوچستان میں ایسے بہیمانہ اور انتہائی قابل مذمت اقدامات کا مقصد افراتفری پھیلانا اور عوام کو ڈرانا ہے، پاکستان کے عوام اور ادارے دہشت گردی کا قلع قمع کر کے دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نور محمد مسکانزئی کی قانون وانصاف کے شعبے میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔