Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شاہراہ کاغان پر لینڈ سلائیڈنگ سے میاں بیوی جاں بحق

مانسہرہ: شاہراہ کاغان پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جب کہ علاقے میں متعدد سیاح پھنس کر رہ گئےہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کا تعلق لیہ سے ہے جن کی لاشوں کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے 8 مقامات پر خطرناک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث شاہراہ کاغان کو بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو کھولنے میں 4 سے 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں تاہم سیاح بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنس گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا ہے لیکن بھاری مشینری سے پہاڑی تودے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاح بابو سرٹاپ سے براستہ چلاس، کوہستان سے واپس جاسکتے ہیں۔

ٹورازم پروموشن ایسوسی ایشن آف کاغان کے چیئرمین مطیع اللہ کا کہنا ہے کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور راستے میں موجود تمام ہوٹلز مسافروں کی خدمت میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وادی کاغان کے علاقے بڑوائی جل کھڈ روڈ کی صفائی کا کام این ایچ  اے کی ہیوی مشینری کے ذریعے رات بھر جاری رہا ہے اور چند گھنٹوں میں روڈ کھول دیا جائے گا۔

ادھر دیربالا میں مسلسل بارش اور آسمانی بجلی کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی ہے۔ دیربالا کے تحصیل ناظم ملک تاجیر نے بتایا کہ کمراٹ ویلی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات شدید متاثر ہیں جب کہ کچھ متاثرہ علاقوں میں مکان اور گاڑی ریلے میں ہی بہہ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلابی ریلے سےکمراٹ کی مرکزی سڑک پر آمدو رفت بند ہوگئی ہے جسے کھولنے کے لیے مشینری پہنچادی گئی ہے۔

کمراٹ میں بھی سیلابی ریلے کے باعث سیاح پھنسے ہوئے ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کمراٹ میں سڑک کھولنے اور سیاحوں کو نکالنے کے لیے امدادی کام جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.