Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شہباز گل کی مقدمہ کے اخراج کےلئے درخواست ہائی کورٹ میں سماعت کےلئے مقرر

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے اپنے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کےلئے درخواست دائر کی جسے ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے اپنے خلاف درج بغاوت کے مقدمے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جسے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔ سماعت کل اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو ہوگی۔

دائر درخواست میں شہباز گل نے موقف اختیار کیا تھا کہ میرے خلاف بدنیتی پر مبنی مقدمہ خلاف قانون درج کیا گیا، پولیس نے محض حکومت وقت سے وفاداری دکھانے کے لیے پرچہ کاٹا۔

شہباز گل کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مقدمہ محض حکومت کے سیاسی ایجنڈے کی تسکین کے لیے درج کیا گیا ہے۔ ظلم سے پناہ لینے کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے سوا چارہ نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اخراج مقدمہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے میرے خلاف درج ایف آئی آر کالعدم قرار دے۔

قبل ازیں ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر شہباز گل کو نوٹس جاری کردیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کیے جانے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جب کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون اور کیس کے تفتیشی افسر بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر ایک بیان دیا ۔ جس کا حکومت نے سنجیدہ نوٹس لیا اور مقدمہ درج کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.