Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

طاہر داوڑ کی ہلاکت سے متعلق صورتحال آج واضح ہو جائے گی: شوکت یوسفزئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے پولیس سپرنٹنڈنٹ طاہر خان داوڑ کی موت کی تصدیق نعش ملنے تک نہیں ہو سکتی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے لاپتہ پولیس سپرنٹنڈنٹ طاہر داوڑ کی افغانستان میں ہلاکت کی تصدیق تاحال نہیں کر سکتے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انہیں منگل کو طاہر داوڑ کی موت سے متعلق خبریں ملی ہیں تاہم رات تک ان خبروں کی تصدیق میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہو سکی۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ افغانستان کی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے اور آج (بدھ) صورتحال واضح ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پولیس سپرنٹنڈنٹ طاہر دواڑ چند روز قبل اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے تاہم گزشتہ روز میڈیا پر افغانستان میں ان کی ہلاکت کی خبریں چل رہی تھیں اور ساتھ میں طاہر داوڑ کی مبینہ لاش بھی دکھائی جا رہی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.