Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

عمران خان پر قاتلانہ حملہ، شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج ہوگا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  پر فائرنگ کے واقعے  سے متعلق صورتحال پر غور کرنے  کے لیے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ 

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج ہوگا جس میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور ہو گا۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں مرکزی رہنما شرکت کریں گے۔  دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعےکی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو  آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سےفوری رپورٹ طلب کرنےکی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سکیورٹی اور تفتیش کے لیے پنجاب حکومت کی بھرپور مدد کرےگی۔

عمران خان پر قاتلانہ حملہ

خیال رہے کہ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔

اللہ والا چوک پر فائرنگ کےبعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کی سیدھی ٹانگ میں گولی لگی ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.