Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک شدید سردی کی لپیٹ میں، حادثات میں 41 افراد جاں بحق

آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بارشوں، یخ بستہ ہواؤں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی مزید اضافہ ہوگیا جب کہ مختلف حادثات میں 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔

آزادکشمیرکی وادی نیلم، لیپا، کیل سمیت مظفرآباد اور  نکیال میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ شدید برفباری کے دوران وادی نیلم میں 5 مقامات پربرفانی تودے گرنے سے ایک بچی سمیت 21 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق وادی نیلم میں سرگن کے مقام پر 11 افراد برفانی تودے تلے دبے ہوئے ہیں جب کہ پلندری میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ راجن پور اور سکھر میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش کے دوران ژوب، پشین اور خانوزئی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سریاب میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر گلگت بلتستان میں کئی فٹ تک برف کی تہہ جم چکی ہے جس کے سبب بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، دیامر اور استور میں شدید برفباری کے بعد اسنوایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

چترال میں ڈھائی فٹ برف پڑنے کے بعد لواری ٹنل بند ہوگئی ہے، مالاکنڈ ڈویژن سمیت قبائلی اضلاع باجوڑ،خیبر،مہمند،اورکزئی اور وزیرستان میں بھی برف باری جاری ہے۔ مانسہرہ کی وادیوں کاغان، ناران ، شوگران میں بھی یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے اور وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.