مسلم لیگ ن نے وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور اسپیکر سبطین خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے 106 ارکان پنجاب اسمبلی رانا مشہود کے گھر اکٹھے ہوئے، لیگی ارکان نے رانا مشہود کے گھر عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کر دیے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر کے خلاف تحریک اعتماد آج ہی جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ایک بینا میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ چوہدر ی پرویز الٰہی کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار ہے تو میرے پاس انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے کا اختیار ہے۔
دوسری جانب عمران خان کی زمان پارک والی رہائشگاہ پر جاری اجلاس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، پرویز خٹک، شبلی فراز علی امین گنڈا پور اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی عمران خان سے ملاقات کے لیے زمان پارک پہنچے، مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے حتمی تاریخ پر مشاورت جاری ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں آج کے جلسے کی تقریر اور سیاسی و معاشی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔