Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور:خیبرپختونخوا کابینہ کا 15ستمبر 2021بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے واقعے میں جان بحق افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس معاوضہ دینے کے منظوری

پشاور:خیبرپختونخوا کابینہ نے 15ستمبر 2021بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کے پی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں صوبائی وزراء نے اپنی اپنی وزارتوں سے متعلق وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی ۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر قانون سلطان محمد خان اور مشیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش نے خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دی ہے ۔ وزیر قانون سلطان محمد خان نے کہا کہ ہر منگل کے روز کابینہ کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کے پی کابینہ نے آبی ذخائر کے تحفظ کے لئے واٹر ریسورس ایکٹ پر عملدرآمد کے لئے واٹر کمیشن اور اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے واقعے میں جان بحق افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس معاوضہ دینے کے منظوری دیدی گئی ہے ۔ صوبائی کابینہ نے ڈبل شفٹس سکولوں کے اساتذہ کیلئے وظائف دینے کی منظوری دی ہے ۔ خطیبوں اور معاون قاضیوں کے اعزازیوں میں اضافے کیلئے محکمہ اوقاف کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ صوبائی کابینہ نے مقامی زبانوں کو فروغ دینے کیلئے ان زبانوں کو تعلیمی نصاب میں لازمی شامل کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ 2020کے مسودے کی منظوری دیدی گئی۔ کابینہ نے لوکل کونسلز کنڈکٹ آف الیکشنز رولز 2020کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے ٹیکس جمع کرنے کیلئے نئے متبادل ذرائع استعمال کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ اجلاس میں یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کیلئے بزنس رولز کی بھی منظوری دیدی گئی ہے ۔ صوبے کے پیداواری اضلاع میں گیس نیٹ ورک کے توسیع کیلئے4.3ارب روپے سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے ۔ کابینہ نے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لئے قائم اداروں رائٹ اور پائٹ کو ضم کرکے ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈیویلپمنٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ ہر قسم کی غلطیوں سے پاک قرآن پاک کی طباعت کے لئے صوبے میں بارہ مختلف پبلشرز اور پرنٹرز کی رجسٹریشن کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ کابینہ نے قاضی حسین احمد میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کو تحلیل کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.