Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ٹی آئی رہنماکااپنی ہی پارٹی پرسينيٹ ٹکٹ بيچنے کاالزام

دادو: سندھ میں سینیٹ انتخابات کو لیکر کروڑوں روپے میں ٹکٹ دینے کی خبریں گردش کرنے لگی، سابق وزیر اعلی سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی پارٹی قیادت پر الزامات لگادیئے. دادو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ 35 کروڑ میں بیچا، گورنر ہاؤس میں سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ روپے کے عوض سینیٹ ٹکٹ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نظرانداز کیا جارہا ہے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے، سندھ کے اہم فیصلے گورنر ہاؤس کے ڈرائنگ روم میں کئے جارہے ہیں،انہوں نے نظرانداز کیے جانے پر پارٹی سے علیحدگی کا عندیہ دیا جبکہ 26 فروری کو پارٹی رہنماؤں سمیت اپنے حامی ساتھیوں کا اجلاس بھی بلانے کا بھی اعلان کیا۔ یاد رہے پی ٹی آئی کے رہنما سیف اللہ ابڑو کو الیکشن کمیشن نے پہلے ہی نااہل قرار دے رکھا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے اپنے وکیل کے ذریعے لیاقت جتوئی کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی اپنے بیان پر معافی مانگیں اور دو ارب روپے ہرجانہ ادا کریں۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی نے بغیر ثبوت الزامات عائد کیے،لیاقت جتوئی کےالزام سےسیف اللہ ابڑو کو بدنام کرنےکی کوشش کی گئی۔ اس حوالے سے وزیر ا‏عظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا تھا کہ لیاقت جتوئی اپنے دعوے کا ثبوت نہ دے سکے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.