Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ڈی ایم میں بڑی دراڑ ، مولانا فضل الرحمٰن نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا

پہلے دن سے پتا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ سے باہر نہیں آئے گی، رانا ثناء اللہ

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ ملتوی کردیا۔ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد جمعیت علمائے اسلام و اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پریس کانفرنس کیلئے آئے۔

سربراہ اتحاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سربراہی اجلاس میں نوازشریف، آصف زرداری، ڈاکٹر جمالدین ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے اور اجلاس کا ایجنڈا 26 مارچ کے لانگ مارچ کے حوالے سے تھا۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کو وابستہ کرنے کے حوالے سے  9 جماعتیں اس کےحق میں تھیں اور پیپلزپارٹی کو اس سوچ پر تحفظات تھے، پی پی  نے وقت مانگا ہے کہ ہم پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف رجوع کریں گے اور پھر پی ڈیم کو اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہم نے پیپلزپارٹی کو موقع دیا ہے اور ہمیں ان کے فیصلے کا انتظار ہوگا لہٰذا 26 مارچ کا لانگ مارچ پیپلزپارٹی کے جواب تک ملتوی تصور کیا جائے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی مولانا فضل الرحمان پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔ اس پر مریم نواز نے بھی مولانا فضل الرحمان کو آواز دی لیکن وہ واپس چل دیے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے استعفوں کے فیصلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب تک پیپلز پارٹی واپس آکر جواب نہیں دیتی قیاس آرائی نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم آپ کے سامنے اور عملاً بھی نظر آرہی ہے، حکومت ختم ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کوئی دل شکستہ ماحول والی بات نہیں ہے، پہلے دن سے پتا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ سے باہر نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں بڑے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی۔ تمام پارٹیوں نے اپنا،اپنا موقف دیا لیکن پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے ہی یہی موقف تھا۔ پیپلز پارٹی نے کہا ایک آپشن دیں معاملے کو سی ای سی میں لے جائیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت سب جماعتوں کا اتفاق ہے کہ حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ آصف زرداری نے جیل بھرو تحریک کا حوالہ بھی دیا۔ تاہم مولانا فضل الرحمان کا موقف تھا کہ اسی لانگ مارچ کے ساتھ استعفے دینے چاہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.