Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

چھوٹا کاروبار امدادی پیکج کا اعلان، ‘حکومت تاجروں کے 3 ماہ کا بجلی کا بل ادا کرے گی’

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے سے متاثر ہونے والے چھوٹے تاجروں کے لیے وزیراعظم چھوٹا کاروبار امدادی پیکج کا اعلان کردیا جس کے تحت ان کے 3 ماہ کا بجلی کا بل حکومت ادا کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایک اور اہم پیکج کی منظوری دی ہے جس سے پورے پاکستان میں 35 لاکھ کاروبار مستفید ہوں گے، اس پروگرام کا نام وزیراعظم کا چھوٹا کاروبار امدادی پیکج ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مذکورہ پیکج کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ چھوٹے کاروبار جب بھی اپنے کاروبار کا بنیادی سلسلہ شروع کریں تو ان کے اگلے 3 ماہ کا بل حکومت پاکستان ادا کرے گی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ جتنے لوگوں اور کمپنیوں کا 5 کلو واٹ تک کا کمرشل کنیکشن جو پورے پاکستان کے کمرشل کنیکشنز کا 95 فیصد بنتی ہیں اور 70 کلو واٹ صنعتی کنیکشن رکھنے والے جو تمام انڈسٹریل کنیکشنز کا 80 فیصد بنتا ہے وہ اس پالیسی سے مستفید ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلٰی کے بل کا تخمینہ گزشتہ برس مئی، جون اور جولائی کے مہینے میں بجلی کے بل کا مجموعی حجم ملا کر اتنی رقم بل میں شامل کردی جائے گی تاکہ بجلی استعمال ہو اور اس کا بل ادا نہ کرنا پڑے۔

وفاقی وزیر صنعت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا یہ رقم صرف 3 ماہ کے لیے قابل قبول نہیں ہوگی جو 6 ماہ تک بل میں شامل رہے گی تاکہ جب بھی کاروبار کا سلسلہ شروع ہو یہ رقم استعمال میں لائی جاسکے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق 32 لاکھ کمرشل کنیکشنز اور ساڑھے 3 سے 4 لاکھ چھوٹے تاجر اس پیکج سے مستفید ہوسکیں گے۔

وزیر صنعت نے کہا کہ اس پیکج کا حجم 50 ارب ہے جو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی لاگو ہے، اس پیکج سے کراچی کی صنعتیں بھی مستفید ہوسکیں گی۔

حماد اظہر نے کہا کہ حکومت کا یہ پروگرام احساس پروگرام سے الگ ہے، احساس پروگرام کے ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کے علاوہ یہ 60 لاکھ افراد الگ ہوں گے۔

وفاقی وزیر صنعت نے کہا کہ نوکری سے نکالے گئے افراد رجسٹر ہونے کے بعد اس پیکج سے مستفید ہوسکیں گے.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.