Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا سے ہلاکتیں: پاکستان نے ایران کے ساتھ سرحد بند کردی

بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی

ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوچکی ہے  جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جاپہنچی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق محکمہ صحت ایران کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 3 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد ایران کے مذہبی اہمیت کے حامل مرکزی شہر قُم میں سامنے آئے ہیں۔

ایران میں مہلک کورونا وائرس سے 8 افراد کی ہلاکت کے بعد بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کےحوالے سے حکومت پوری طرح الرٹ ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں سےکوئی بھی ایران میں داخل نہیں ہوگا۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو فی الحال ایران میں ہی ٹہرانےکا فیصلہ ہوا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ایران میں موجود زائرین کےحوالے سے ایرانی حکام سے بات چیت کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والے زائرین کی مکمل اسکریننگ کرکے پاکستان آنے دیاجائےگا جب کہ تفتان کے پاکستان ہاؤس میں موجود89 زائرین کو واپس کوئٹہ بلایاجارہاہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں جب کہ اس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل بھی دی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.