Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا: ملک میں 31 ہزار 780 کیسز، اموات 692 ہوگئیں

دنیا بھر کو متاثر کرنے والے مہلک کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہورہا ہے، جس کے باعث اب تک ملک میں اس وبا سے 31 ہزار 780 لوگ متاثر جبکہ 692 جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 52 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 37 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 37 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 679 سے بڑھ کر 716 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 15 افراد کو متاثر کردیا۔جس کے بعد وہاں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 442 سے بڑھ کر 457 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں اس عالمی وبا سے پہلی موت بھی سامنے آگئی۔اگرچہ آزاد کشمیر اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہوا ہے اور وہاں کوئی موت بھی نہیں ہوئی تھی، تاہم نئے اعداد و شمار میں وہاں پہلی موت کی تصدیق کی گئی۔علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اور مصدقہ کیسز کی تعداد 86 پر ہی موجود رہی۔

ان تمام کیسز کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال دیکھیں تو اب تک 31780 افراد متاثر ہیں جس میں سے 692 کا انتقال ہوگیا جبکہ 8555 صحتیاب ہوگئے تو اس طرح ملک میں ابھی 22 ہزار 533 فعال کیسز موجود ہیں۔

صوبہ سندھ کے کیسز کی تعداد اس وقت سب سے زیادہ 12 ہزار 17 ہے جس کے بعد پنجاب کے کیسز ہیں اور وہاں 11 ہزار 568 لوگ متاثر ہیں۔خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 875 ہے تو وہیں بلوچستان میں 2 ہزار 61 لوگ وبا کا شکار ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں 716 لوگوں کو وائرس متاثر کرچکا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 457 اور آزاد کشمیر میں 86 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.