لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی کو کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کے مقدمے میں غیر حاضر ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حماد اظہر اور زبیر خان نیازی سمیت سات ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، جس دوران عدالت نے حماد اظہر، زبیر خان نیازی، اکبر خان، مسعود احمد سبحانی، ارسلان بن بشارت، فاروق انجم اور حبیب احمد کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
تھانہ ریس کورس میں درج مقدمہ نمبر 852/23 میں بعض ملزمان کو پہلے ہی قید کی سزا سنائی جا چکی ہے، جبکہ اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان کا ٹرائل دوسرے مرحلے میں کیا جائے گا۔
سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں۔ عدالت کی جانب سے پیش ہونے کی مہلت دی گئی، تاہم ملزمان نہ تو عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد سامنے آئے۔

