Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اسرائیلی فضائی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 35 ہوگئی

غزہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان محاذ آرائی نے شدت اختیار کرلی، اسرائیلی فضائی حملوں نے غزہ میں 13 منزلہ بلند رہائشی عمارت تباہ کردی جبکہ حماس نے اسرائیل کی جانب سیکڑوں راکٹس برسائے۔ قطری خبررساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ میں غزہ کے صحت حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ پیر کی رات سے اسرائیل کے فضائی حملوں کے نتیجے میں اب 10 بچوں سمیت 35 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دوسری جانبرائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 5 اسرائیلی شہری بھی ہلاک ہوئے جبکہ 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں اس کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 16 عسکریت پسند ہیں۔

شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکام نے غزہ میں حماس اور عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی حملوں کی تعداد اور طاقت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب مصر کے حکام نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے لیے بات چیت کی کوشش کررہے ہیں لیکن تشدد کا دائرہ رفتار پکڑ رہا ہے۔

اپنے شہریوں کی ہلاکت سے پہلے ہی اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کی سرحد پر مزید دستے بھجوا رہے ہیں جبکہ وزیر دفاع نے 5 ہزار ریزور فوجیوں کو متحرک کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

راکٹس اور فضائی حملوں کا یہ سلسلہ مسجد الاقصیٰ کمپاؤنڈ میں اسرائیلی فورسز کے دھاوا بولنے کے باعث پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے بعد شروع ہوا۔

دوسری جانب کشیدگی میں اضافے کے بعد اسرائیل میں رہائش پذیر ہزاروں عرب کمیونٹیز نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف حملوں کی مذمت کی۔یہ حالیہ برسوں میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے اسرائیل میں کیے گئے بڑے مظاہروں میں سے ایک تھا۔

خیال رہے کہ سال 2007 میں غزہ کا کنٹرول حماس کے پاس آجانے کے بعد سے اب تک حماس اور اسرائیل تین جنگیں لڑ چکے ہیں، حالیہ جھڑپیں قطر، مصر اور دیگر کی ثالثی کی مدد سے چند روز کے بعد ختم ہوجاتی تھیں۔

اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں ایک ہزار فلسطینی زخمی

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں موجود اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے امور انسانیت نے کہا ہے کہ 7 سے 10 مئی تک مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز ایک ہزار فلسطینیوں کو زخمی کرچکی ہیں۔ ایک بیان میں ادارے کا کہنا تھا کہ ان میں سے 735 افراد ربر کی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.