میرانشاہ: سابق آئی جی پولیس اور سابق ایف سی کمانڈنٹ صلاح الدین محسود کے بھائی نصر اللہ محسود کو اغوا کرکے قتل کردیا گیا۔ آج نماز جمعہ کے بعد دوپہر کے وقت سابق آئی جی پولیس صلاح الدین محسود کے بڑے بھائی نصر اللہ محسود اپنی گاڑی میں ٹانک بازار سے گھر جارہے تھے کہ کسٹم پمپ کے قریب پہلے سے تاک میں بیٹھے ہوئے مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کا گن مین شدید زخمی ہوگیا۔
مسلح افراد مقتول کو گاڑی سے اتار کر ساتھ لے گئے بعد ازاں منزئی کے علاقے سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔ دوسری جانب زخمی گن مین سید عمل بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے کہ صلاح الدین محسود کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور آئی جی پولیس کے پی رہ چکے ہیں، وہ آج کل OSD آفیسر ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور کار پر فائرنگ کی بعدازاں گن مین کو زخمی حالت میں چھوڑ کر مقتول کو اسی کار میں ساتھ لے گئے، ملزمان کی موٹر سائیکل پولیس کو مل گئی ہے جس کے بعد تفیتش کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک عرصے سے جنوبی اور شمالی وزیرستان سمیت بندوبستی ضلع ٹانک میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بدامنی کے دیگر واقعات میں مسلسل اضافے سے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔