امریکہ نے پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آزادی اظہار رائے کی حمایت کرتے ہیں اور انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر کسی بھی طرح کی پابندی ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایکس سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حکومتی بندش کی مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے حکام پر بنیادی آزادیوں کے حوالے سے زور دیتے رہیں گے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت بن گئی ہے جس کے ساتھ کام کے لیے تیار ہیں تاہم انتخابات میں بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکہ اور پاکستان کے مفاد کے لیے اہم سمجھتے ہیں ۔