سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز بنا کر عوام میں نمایاں شہرت حاصل کرنے والے معروف پاکستانی کامیڈین، یوٹیوبر رحیم پردیسی عرف ’نسرین‘ پر غنڈوں نے قاتلانہ حملہ کردیا۔
گزشتہ روز یوٹیوبر رحیم پردیسی نے اپنے آفیشل انسٹا گرام ہینڈل کی سٹوری میں اپنی ایک تصویر کوشیئر کیا جس کودیکھ کر ان کے مداح پریشان اور حیران ہو گئے۔اس تصویر میں رحیم پردیسی کو زخمی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے، شیئر کی گئی تصویر میں یوٹیوبر کے سر پر چوٹ لگی ہوئی دیکھی جاسکتی تھی جبکہ اس کے ساتھ ان کی شرٹ بھی پھٹی ہوئی تھی، اس کے بعد اپنے انسٹا گرام ہینڈل پر رحیم پردیسی نے پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ نشے میں دھت کچھ غنڈوں نے ان پر حملہ کردیا تھا۔ مداحوں کو رحیم پردیسی نے اپنی خیریت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زیادہ چوٹ نہیں آئی لیکن وہ بہت جلد ہی اس حملے میں ملوث افراد کو پکڑ لیں گے،اپنے مداحوں کی دعاؤں کا یوٹیوبر رحیم پردیسی نے شکریہ ادا کیا اور اس کے ساتھ مزید انہوں نے کہا کہ وہ حملہ آوروں سے پیشہ ورانہ طور پر نمٹیں گے۔