اسلام آباد سے ارشد اقبال کی تحریر:۔
خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالات کے نفاذ، گورنر راج یا کسی دیگر آئینی لائحہ عمل کو اپنانے کا فیصلہ آنے والے چند دنوں میں متوقع ہے، اس فیصلے کا دارومدار بنیادی طور پر اس امر پر ہے کہ تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے مابین مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ بحال ہوتا ہے یا نہیں، تاہم جب سے ان دونوں اصطلاحات (ایمرجنسی اور گورنر راج) پر بحث شروع ہوئی ہے، عام طور پر انہیں ایک دوسرے کا متبادل سمجھ لیا جاتا ہے، جبکہ آئینی نقطہ نظر سے ان دونوں کی نوعیت، دائرہ کار اور زمینی اثرات میں واضح فرق پایا جاتا ہے ۔
ایمرجنسی ایک وسیع البنیاد آئینی اقدام ہے جسے انتہائی نوعیت کے غیر معمولی حالات میں نافذ کیا جاتا ہے، جبکہ گورنر راج کا مقصد کسی مخصوص صوبے کے انتظامی ڈھانچے کو ایک خاص ضابطے کے تحت وفاقی نگرانی تلے لانا ہے، دلچسپ امر یہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت لگائے جانے والے گورنر راج کی زیادہ سے زیادہ مدت 6 ماہ مقرر ہے، جبکہ ایمرجنسی کی مدت کے حوالے سے آئین میں کوئی حتمی مدت متعین نہیں کی گئی، ہاں یہ ضرور ہے کہ جب صوبے میں ایمرجسنی کا نفاذ جس مقصد کیلئے ہوگا، جب وہ مقصد پورا ہوجائے گا تو یقینا ایمرجنسی کے خاتمے اور حالات کے معمول پر لانے کا اعلان بھی کیا جائے گا ،آئینی اعتبار سے ایمرجنسی کا نفاذ آرٹیکل 232 کے تحت عمل میں آتا ہے، جبکہ گورنر راج کے لیے آرٹیکل 234 کا سہارا لیا جاتا ہے ۔
آرٹیکل 232 اور 234 میں بنیادی فرق: ۔
آئینِ پاکستان کے ان دونوں آرٹیکلز میں سب سے بڑا فرق یہ ہے کہ آرٹیکل 232 کا اطلاق ملک یا اس کے کسی حصے میں جنگ، بیرونی جارحیت یا سنگین داخلی حالات کی صورت میں ہنگامی صورتحال نافذ کرنے پر ہوتا ہے، اس کے برعکس، آرٹیکل 234 اس وقت حرکت میں آتا ہے جب کسی صوبے کے اندر آئینی مشینری مکمل طور پر ناکام ہو جائے اور وفاق کو وہاں خصوصی انتظامی بندوبست کرنا پڑے، ایسا پیپلز پارٹی کے دور میں پنجاب میں آخری بار ہوا تھا جب مرکز میں پاکستان پیپلز اپرٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت تھی ۔
آرٹیکل 232 کے تحت صدرِ مملکت کو وسیع تر اختیارات حاصل ہوتے ہیں اور اس کے اثرات پورے ملک یا بڑے خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں، دوسری طرف آرٹیکل 234 کے تحت صدر، گورنر کی رپورٹ یا دیگر معتبر ذرائع سے مطمئن ہونے کے بعد یہ اعلان کر سکتے ہیں کہ متعلقہ صوبائی حکومت کو منتخب سیاسی جماعت کی جانب سے آئین کے مطابق چلانا ممکن نہیں رہا، اس صورت میں صوبائی حکومت کے چند یا تمام انتظامی اختیارات صدرِ مملکت یا ان کی جانب سے نامزد کردہ کسی مجاز اتھارٹی کو منتقل ہو جاتے ہیں، عمومی سیاسی زبان میں اسی خصوصی انتظام کو "گورنر راج” کا نام دیا جاتا ہے ۔
صدر کے ہنگامی اختیارات اور گورنر راج کی حقیقت: ۔
آئینِ پاکستان نے مختلف ہنگامی حالات سے نبردآزما ہونے کے لیے صدرِ مملکت کو خصوصی اختیارات دیے ہیں، اگر صدرِ مملکت کو اس بات کا پختہ یقین ہو جائے کہ ملک یا اس کے کسی حصے کی سلامتی کو جنگ، بیرونی یلغار یا ایسے شدید اندرونی بحرانوں سے خطرہ ہے جن کی وجہ سے صوبے میں معمول کی حکومت چلانا ناممکن ہو چکا ہے، تو آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے ایمرجنسی کا اعلان کیا جا سکتا ہے ۔
تاہم، اس پورے عمل کے دوران کڑی آئینی شرائط اور پارلیمانی نگرانی کا نظام موجود رہتا ہے، ہنگامی صورتحال کے نفاذ کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ ملک یا صوبے کی منتخب حکومتیں خود بخود تحلیل ہو جائیں گی، اسی طرح، گورنر راج کے نفاذ کے وقت بھی صوبائی اسمبلی کی حیثیت کا معاملہ انتہائی اہم ہوتا ہے، آئین کے مطابق صدر اسمبلی کے اختیارات پارلیمنٹ کو سونپنے یا اس کے استعمال سے متعلق مخصوص انتظامات کرنے کا مجاز ہوتا ہے، لیکن اس کے لیے بھی سخت آئینی حدود اور پارلیمنٹ کی منظوری لازمی ہے ۔
لہٰذا گورنر راج کا مطلب محض یہ نہیں ہے کہ گورنر خود صوبے کا نیا وزیراعلیٰ بن بیٹھے، یا اس کو ایوان صدر کی جانب سے بنایا جائے ،بلکہ یہ ایک باقاعدہ آئینی انتظام ہے جس کے تحت صوبے کے روزمرہ کے انتظامی امور اور اختیارات کی تقسیم کا طریقہ کار تبدیل ہو جاتا ہے ۔
قانونی ماہرین کی رائے: ۔
مختلف قانونی ماہرین کی آرا کے مطابق آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے درمیان زمین و آسمان کا فرق ہے، ان کے مطابق، ایمرجنسی اور گورنر راج دونوں کے مقاصد اور نفاذ کے محرکات بالکل مختلف اور ایک دوسرے سے بالکل جدا ہیں ۔
قانونی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ گورنر راج کی مدت ابتدائی طور پر 6 ماہ ہوتی ہے جس میں قانون کے مطابق توسیع کی جا سکتی ہے، جبکہ ایمرجنسی کی مدت کے بارے میں براہ راست کسی مقررہ مدت کا ذکر نہیں ہے، لیکن چونکہ ملک میں انتخابات اور جمہوری تسلسل کے لیے ایک آئینی مدت مقرر ہے، اس تناظر میں دیکھا جائے تو ایمرجنسی بھی طویل عرصے تک برقرار نہیں رکھی جا سکتی ، ہاں یہ ضرور ہے کہ ایمرجنسی کو بھی صوبے یا ایک خطے کے حالات کو معمول پر لانے تک نفاذ کیا جاتا ہے اور توسیع بھی ناممکن نہیں ۔
کسی بھی صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال، سیاسی عدم استحکام یا انتظامی مشکلات خود بخود گورنر راج کے نفاذ کی کافی وجہ نہیں بن سکتیں، اصل اور بنیادی کسوٹی یہی دیکھی جاتی ہے کہ آیا آئینی تقاضوں کے مطابق صوبائی حکومت کو چلانا واقعی ناگزیر طور پر ناممکن ہو چکا ہے یا نہیں، یہی قانونی نکتہ دونوں اصطلاحات کے درمیان حقیقی تفریق کو واضح کرتا ہے ۔

