اسلام آباد(ارشد اقبال) حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش اور پکڑ دھکڑ کے بعد جماعت اسلامی نے حکمت عملی تبدیل کردی تاہم مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد جماعت اسلامی کو مری روڈ پر دو سے تین روز تک دھرنا جاری رکھنےکی مشروط اجازت مل گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے مشروط اجازت ملنے کے بعد جماعت اسلامی کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں 3 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کردیا ہے۔
مرکزی ترجمان قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی نے تین مقامات پر دھرنے دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مری روڈ راولپنڈی، زیرو پوائنٹ اور 26 نمبر چونگی پر دھرنا دیا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ڈی چوک پر دھرنے کو روکنے کیلیے پولیس نے نقص امن کے خطرے کے پیش نظر ڈی چوک جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا جبکہ متعدد کارکنان کو اسلام آباد سے گرفتار بھی کیا۔
دھرنے میں لوگوں کو پہنچنے سے روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں پر بھی کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئےجبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک کے لیے صرف ایک لائن کھلی رکھی گئی جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگیں اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔